اترپردیش کے ضلع سدھارتھ نگر میں واقع معروف تعلیمی ادارہ جامعہ مصباح العلوم چوکونیاں میں "طلبائے مدارس و ذرائع ابلاغ" کے عنوان سے منعقدہ ایک پروگرام میں طلبہ کو میڈیا میں مؤثر نمائندگی کیلئے تیار ہونے کی ترغیب دی گئی۔ Madrasa students need to progress in the field of journalism
اس موقع پر صحافی امام الدین علیگ نے کہا کہ اصلاح حال کے لیے طلبائے مدارس کا میدان صحافت میں پیش رفت کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ دینی درسگاہوں کے فارغین میڈیا کے ذریعہ ملک کی تعمیر اور ملت کی خدمت احسن طریقے سے کرسکتے ہیں۔
مدارس کے جن طلبہ کی فکری و تعلیمی تربیت مناسب طریقے سے ہوئی ہو، اگر اُنہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے اس شعبے میں اتارا جائے تو بادِ مخالف کا رخ موڑا جا سکتا ہے اور ملت کے تئیں برادران وطن کے دل و دماغ میں بھرے جا رہے شکوک و شبہات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ اغیار کے منفی پروپیگنڈہ کی بھی کاٹ کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے دینی مدارس اور ملی تنظیموں کو بہتر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ذرائع ابلاغ کے میدان میں آگے بڑھنے کے تعلق سے بنیادی نکات کی طرف توجہ دلائی، علاوہ ازیں خبروں کے اغلاط اور اس کی اصلاح کی وضاحت کی اور اس میدان میں اپنے تجربات و مشاہدات کو طلبہ سے آگاہ کیا۔
پروگرام کا آغاز حافظ محمد راشد اور محمد اسامہ کے تلاوت قرآن اور ترجمہ سے ہوا۔ اس موقع پر صدر جامعہ مولانا محمد شریف فلاحی نے میڈیا کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا اور اس شعبے میں لائق افراد کو ذمہ داریاں نبھاکر مسلم اقلیت کی ترجمانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔