ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں ساڑھے چار برس سے اعزازیہ رقم نہ ملنے سے ناراض مدارس کے ماڈرن ٹیچرس نے دوشنبے کو احتجاج کیا۔ بڑی تعداد میں مدارس کے ماڈرن ٹیچرس نے کلکٹریٹ پہنچ کر اپنے مطالبات کا میمورنڈم دیا اور مطالبہ کیا کہ اگر حکومت ان کے اعزازیہ کی رقم ادا نہیں کر سکتی ہے تو حکومت ہمیں موت کی اجازت دے دے۔
واضح رہے کہ ریاست کے مدارس میں تقریبآ 25 ہزار ماڈرن ٹیچرس ہیں جبکہ بارہ بنکی میں 450 سے زیادہ ماڈرن ٹیچرس ہیں۔ ان کو مرکزی حکومت نے مدرسہ ماڈرنائزیشن اسکیم کے تحت تقرری دی ہے۔ ان کو کچھ اعزازیہ مرکزی حکومت کی جانب سے اور کچھ ریاستی حکومت کی جانب سے دیا جاتا ہے۔
مرکزی حکومت کا حصہ ان ٹیچرس کو ساڑھے چار برس سے نہیں ملا ہے۔ اس کے لئے مدارس ماڈرن ٹیچر لمبے وقفے سے متحرک ہیں۔ تمام سطح پر وہ میمورنڈم دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اتر پردیش ’نیا جموں و کشمیر‘ ہے: عمر عبداللہ
دوشنبے کو مدرسہ آدھنیکرن شکشک سنگھ نے بارہ بنکی میں وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب میمورنڈم دیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ان کو اعزازیہ کی رقم ادا کی جائے۔ ساتھ ہی انہیں ایک ٹیچر کی طرح تمام سہولیات فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو حکومت ہمیں موت کی اجازت دے دے۔