لکھنؤ کے معروف صوفی دادامیاں کے 112 ویں عرس مبارک کی تیاری کے سلسلے میں آج پرچم کشائی کی گئی۔
واضح رہے کہ اس قدیمی رسم و روایت کو باقی رکھنے کے لیے عرس کے موقع پر ہر برس پرچم کشائی کا اہتمام ہوتا ہے جس میں سبھی مذاہب کے ماننے والے لوگ کثیر تعداد میں شامل ہوتے ہیں اور دادامیاں کی تعلیمات سے فیضیاب ہوتے ہیں۔
اس برس روایات کے مطابق 21 ربیع الاول سے لے کر 25 ربیع الاول تک عرس کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہر برس کی طرح اس برس بھی صوفی نور محمد فصاحتی اپنے مریدین و پیر بھائی کے ساتھ کانپور سے پرچم لے کر آئے اور حضرت خواجہ محمد صباحت حسن شاہ نے دادامیاں درگاہ میں زیارت کی۔
اس موقع پر کثیر تعداد میں عقیدت مندوں کی موجودگی میں پرچم لگایا گیا۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران قاری ظریف جہانگیری نے بتایا کہ 'دادامیاں درگاہ میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں لوگ زیارت کے لیے آتے ہیں اور اپنی حاجتیں مانگتے ہیں۔'
انہوں نے بتایا کہ 'یہ درگاہ بھائی چارہ کی جیتی جاگتی مثال ہے۔'
درگاہ دادا میاں کے ذمے دار محمد عارف نے کہا کہ 'ہر برس کی طرح اس برس بھی روایتی طریقے سے پرچم کشائی کی گئی۔'
انہوں نے کہا کہ 'حضرت خواجہ صباحت حسن شاہ جو کہ سجادہ نشین ہیں، انہوں نے درگاہ میں چادر پوشی کی۔ اس کے بعد ربیع الاول کے موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کے لیے امن و امان کی دعا کی۔'