مظفر نگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے مدرسہ تعلیم القرآن جامعہ نگر میں جمعیت علماء کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت شہر صدر حافظ محمد اکرام نے اور نظامت کے فرائض شہر جنرل سیکریٹری قاری محمد عادل نے انجام دیے۔ میٹنگ کا آغاز قاری محمد ثاقب کے تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نعت نبی کا نذرانہ مولانا محمد عمار نے پیش کیا۔
اس میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی ضلع صدر مفتی محمد بنیامین، و ضلع جنرل سیکرٹری قاری ذاکر حسین نے شرکت فرمائی۔ اس موقعے پر قاری ذاکر حسین سکریٹری جمعی علماء اتر پردیش نے بتایا کہ اس میٹنگ میں چند امور طے کیے گئے ہیں جن میں ایک مہینے کے اندر شہر میں پانچ مکتبوں کو منظم کرنا ہے، جس کے لیے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کمیٹی میں حافظ محمد اکرام، مولانا محمد گلزار، مفتی عبد القیوم کے نام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تین مہینے تک اصلاح معاشرہ کے تحت ترجیحی طور پر سود کے خلاف تحریک چلا کر غیر مسلموں کے ذریعہ مسلم عورتوں کو سودی رقم دے کر اپنے جال میں پھنسانے کی مہم کے خلاف مستورات کے پروگرام و مساجد میں خطابات کی مدد سے اس لعنت سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران جمعیت کی مقامی یونٹوں کی تشکیل کی گئی۔ جلد ہی وارڈ وائز یونٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ قائد ملت اسلامیہ ہند صدر جمعیت علماء ہند حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب کی ہدایت کے مطابق جمعیت علماء کی یونٹوں کی تشکیل ہرحال میں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:AMU 9 Rank In NIRFاین آئی آر ایف 2023 کی درجہ بندی میں اے ایم یو کا نواں مقام
جمعیت علماء شہر مظفرنگر نے طے کیا ہے کہ ایک مہینے میں پانچ منظم مکاتب قائم کرنے ہیں اور تین مہینے تک ترجیحی طور پر اصلاح معاشرہ کے تحت سود کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ میٹنگ میں کثیر تعداد میں شہر و اطراف کے ائمہ و علماء کرام جن میں بطور خاص مفتی محمد اقبال، مولانا محمد ارشد، قاری عبد الماجد، مفتی محمد عادل، مولانا محمد اسرار، مولانا محمد گلزار، حاجی وسیم عالم، قاری محمد عٹمان، مفتی عبد القیوم، مفتی محمد فاضل، مفتی محمد جاوید، مولانا سمیع اللہ، نور محمد، محمد شبلی قاری شاہنواز، قاری بلال، مولانا محمد فروز، پردھان سلیمان وغیرہ شریک رہے۔