یہاں رہنے والی ایک خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف تین طلاق کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ اس خاتون کا الزام ہے کہ جب وہ عید الاضحی سے قبل مراد آباد جیل میں اپنے شوہر سے ملنے گئیں تو، نئے کپڑے نہ لانے پر شوہر نے اسے جیل میں ہی تین طلاق دے دیا۔
اس خاتون نے دوسرے دن اپنے شوہر کو راضی کرنے کے لئے گاؤں سے دو لوگوں کو بھیجا ، لیکن انہوں نے کسی کی بات نہیں مانی۔
خاتون کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
خاتون کا شوہر، جو امروہہ ضلع کے گجرولہ علاقہ کے نوونر گاؤں کا رہنے والا ہے، گذشتہ چار برسوں سے جیل میں ہے۔ خاتون مرشدہ کے شوہر ذوالفقار پر قتل کا الزام ہے جس کا مقدمہ چل رہا ہے۔ شوہر کے جیل جانے کے بعد، مرشدہ اپنے چار بچوں کی پرورش کر رہی ہے۔
مرشدہ کے مطابق، بقرعید سے ایک دن قبل، جب وہ اپنے شوہر سے جیل میں ملاقات کے لیے گئی تو شوہر نے عید کے کپڑے کا مطالبہ کیا، خاتون نے معذرت کی اور بات بڑھ گئی۔ شوہر نے غصے میں آکر تین اسے طلاق دے دی۔
وہیں مرشدہ کے اہل خانہ نے دوسرے دن جیل میں ذوالفقار سے ملاقات کی اور تین طلاق دینے کے خلاف احتجاج کیا لیکن ذوالفقار نہیں مانا۔ مرشدہ کے مطابق ذوالفقار نے ایک کاغذ پر طلاق لکھ کر اسے تین بار بھیجا۔ مرشدہ نے پولیس کو اس معاملے کی شکایت کی جس کے بعد ملزم شوہر ذوالفقار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔