ریاست اترپردیش کے ضلع بدایوں میں یوں تو بہت ساری مٹھائیاں بنائی جاتی ہیں لیکن کچھ خاص مواقع پر بننے والی مٹھائی 'کھجلا' یہاں کی بے حد مشہور مٹھائی ہے۔
اس مٹھائی کو بنانے کا ایک خاص طریقہ کار ہے اور خوشی کی مختلف رسومات میں 'کھجلا' استعمال کیا جاتا ہے۔
کھجلا مٹھائی کا سائز دیگر مٹھائیوں سے بقدر بڑا ہوتا ہے اور انہیں بڑی بڑی تانبے، پیتل یا لوہے کی شینیوں میں سجا کر پیش کیا جاتا ہے۔
بدایوں کی مشہور مٹھائی ابتدا میں صرف شکر سے ہی بنائی جاتی تھی لیکن بعد میں یہ ترقی کرتی چلی گئی، اور اب کھجلا مٹھائی خاص طور پر تین ذائقوں میں تیار کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ان میں پہلا ذائقہ خالص شکر جبکہ دوسرا ذائقہ کھوئے والا کھجلا اور تیسرا ذائقہ کا نمکین کھجلا ہوتا ہے۔
کھجلا کو تیار کرنے والے کاریگروں میں سے ایک کاریگر دیا رام کا کہنا تھا کہ ہم یہ مٹھائی بچپن سے بنارہے ہیں اور اس مٹھائی کو صرف خاص موقعوں پر ہی تیار کیا جاتا ہے جس سے اس کی وقعت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔
کھجلا مٹھائی کو آخری مرحلے میں تیار کرنے والے دوسرے کاریگر کلّو کا کہنا تھا کہ اس کو تیار کرنے کے لیے میدے میں گھی ملایا جاتا ہے اور پھر اس کے پیڑے کاٹ اسے گھی میں تل کر تیار کیا جاتا ہے پھر اس پر چاشنی ڈالی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ بدایوں میں 'کھجلا' مٹھائی کی قیمت 100 سے 140 روپے فی کلو گرام تک ہوتی ہے اور لوگ اسے بہت شوق سے خریدتے اور اس ذائقے سے خود کے ساتھ ساتھ مہمانوں کو بھی لطف اندوز کرتے ہیں۔