ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں بھی بکروں کی خرید و فروخت کے لیے برسوں سے نیموپارک کا علاقہ متعین تھا لیکن اس سال انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دینے کی وجہ سے تاجرین اور گاہکوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اب پکا پُل علاقے میں بکروں کی خرید و فروخت کےلیے بازار لگایا گیا ہے۔
تاجرین نے انتظامیہ کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے نامناسب رویہ اختیار کرنے کی شکایت کی ہے۔ سدھولی سے لکھنؤ بکرا بیچنے آئے سراج علی نے بتایا کہ 'گزشتہ 10 برس سے وہ لکھنؤ کے بکرا بازار میں بکروں کو فروخت کرنے آتے ہیں۔ اس سال ڈیزل اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ بکروں کی قیمت میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ 'لاک ڈاؤن اور کورونا وبا کی وجہ سے بھی بکروں کی خرید و فروخت کافی کمی دیکھی گئی جس کی وجہ سے تاجرین کو 12 ہزار کا بکرا 8 ہزار میں فروخت کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی :بکرا تاجر پولیس کے ظلم و ستم سے پریشان
لکھنؤ کے پکا پُل کے بکرا تاجر اسماعیل بتاتے ہیں کہ 'کورونا و لاک ڈاؤن اور مہنگائی کی وجہ سے بازار بے رونق ہے، نہ ہی خریدار آ رہے ہیں اور نہ ہی تاجر دور دراز علاقوں سے بکرا لارہے ہیں۔'
ایک اور بکرا تاجر نورعالم نے بتاتے کہ 'بکرا بازار کی جگہ متعین نہ ہونے کی وجہ سے گلی کوچوں میں بکروں کی خرید و فروخت کی جارہی ہے۔ سڑک پر پولیس کی جانب سے تاجرین کو ہراساں کیا جارہا ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل بکرا مارکٹ میں رونق نہ ہونے سے تاجرین مایوس ہیں۔