اتر پردیش کے جونپور میں شاہ گنج کوتوالی حلقہ کی اعظم گڑھ شاہراہ پر گیلیکسی اسپتال اور سہارا اسپتال کے اشتراک سے پولیس اور عام لوگوں کے لئے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں 350 مریضوں کی صحت کا معائنہ کرنے کے بعد مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔
گلیکسی اسپتال کے ڈائریکٹر و ماہر اطفال ڈاکٹر ایس ایل گپتا نے بتایا کہ اس کیمپ میں خاص طور سے سہارا اسپتال لکھنؤ کے جنرل فزیشین و سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عباس زیدی اور ماہر امراض ہڈی ڈاکٹر رشب جیسوال کے ذریعہ مریضوں کے بلڈ شوگر، بلڈ پریشر و بون میرو جیسے امراض کی جانچ کر کے مفت دوائیں تقسیم کی گئیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سہارا اسپتال کے سینئر ڈاکٹر عباس زیدی نے کہا کہ سہارا اسپتال کی جانب سے ایک مہم چلائی جارہی ہے، جس میں خاص طور سے عوام و پولیس اہلکار کے لئے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں سہار اسپتال کے ماہر و سینئر ڈاکٹرز اپنی خدمات کو انجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:
مئو: پسماندہ طبقات کے لئے محکمہ صحت کا کیمپ
اس کیمپ میں بطورِ مہمان خصوصی اے ڈی ایم ڈاکٹر سنجے کمار نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم راجیش کمار ورما،سی او انکت کمار، بلدیہ صدر گیتا جیسوال سمیت درجنوں معززین موجود تھے۔