ریاست اترپردیش میں ضلع بنارس کے جیت پورہ تھانہ میں کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو، سردار مقبول حسن سمیت گیارہ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سوموار کے دوپہر بنارس کے جیت پورہ تھانہ علاقے میں واقع مدرسہ مظہر العلوم میں بنکروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی تھی اس میٹنگ میں بجلی کے فلیٹ ریٹ کی بحالی کا مطالبہ کے پیش نظر بنارس کے بنکروں نے اپنے پاور لوم کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بنکرز کے فیصلے کی حمایت دینے کے لئے کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو کانگریسی کارکنان کے ساتھ میٹنگ میں شامل ہوئے تھے، اس دوران منعقدہ میٹنگ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ میٹنگ میں سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی میٹنگ میں شریک لوگوں نے ماسک لگایا تھا۔
اس معاملے میں سردار مقبول حسن اور کانگریس رہنما اجے رائے، کانگریس کے ضلعی صدر راگھویندر چوبے سمیت مختلف لوگوں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
بنارس کے ایس ایس پی امت پاٹھک نے بنکروں اور کانگریس پارٹی کے کارکنان کی میٹنگ میں سماجی فاصلہ اور کورونا وائرس سے بچنے کے ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے پر خود نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔