ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کے کسان احتجاجی مظاہرے میں شامل ہونے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعہ دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔ اس دوران انہوں نے مرکزی حکومت اور تین زرعی قوانین کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ بھارتیہ کسان یونین (ٹکیت) کے ضلع صدر حسیب احمد نے ای ٹی وی بھارت سے اپنی خاص بات چیت میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرہ کو لیکر کئی اہم سوالوں کے جواب دیے۔
مرکزی حکومت کے زراعت سے متعلق قوانین کے خلاف کاشتکار سراپا احتجاج کر رہے ہیں۔ کسانوں کا غصہ کسی بھی طرح کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آج رامپور میں بھارتیہ کسان یونین (ٹکیت) کے ضلع صدر حسیب احمد کی قیادت میں ٹریکٹر ٹرالی میں سوار ہوکر دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔ جہاں وہ دہلی جاکر کسانوں کے احتجاجی مظاہرے میں شامل ہوں گے۔
رامپور کے سیول لائن علاقہ میں واقع کسان یونین کے دفتر سے کسان بڑی تعداد میں ٹریکٹر ٹرالی میں سوار ہوئے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کسان یونین کے ضلع صدر حسیب احمد نے کہا کہ وہ کسانوں کے احتجاجی مظاہرے میں شامل ہونے کے لیے دہلی جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'زرعی قوانین کی واپسی کے بعد ہی واپس جائیں گے'
انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت تینوں زرعی قوانین کو منسوخ نہیں کر دیتی ہے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے کسانوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ہے۔ حسیب احمد نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے بی جے پی نے کسانوں سے کئی وعدے کیے تھے۔ کسان بی جے پی کے جھانسے میں آگئے اور بڑی تعداد میں کسانوں نے بی جے پی کو ووٹ دے کر اقتدار کی کرسی تک پہنچایا۔ آج وہی بی جے پی حکومت کسانوں کا استحصال کر رہی ہے جو کہ بڑے شرم کی بات ہے۔
کسان رہنما نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کسان اگر کسی کو اقتدار تک پہنچا سکتا ہے تو وہ اپنی طاقت سے اس کو اقتدار سے بے دخل بھی کرنا جانتا ہے۔ اس لیے کسانوں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جہاں بھی روکا جائے گا وہ وہیں پر اپنا احتجاج کرنے بیٹھ جائیں گے۔
اب دیکھنا یہ ہوگا کہ کسان جس طرح سے اپنا احتجاج کر رہے ہیں، کیا حکومت ان کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے تین زرعی قوانین کو واپس لیتی ہے یا پھر اقتدار کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کسانوں کو یوں ہی مایوس واپس ان کے مقامات پر لوٹا دے گی۔