پولیس کے مطابق گرفتار شدہ خاتون کی شناخت انیتا کے نام سے ہوئی ہے جسے دیر رات گرفتار کیا گیا تھا اور آج اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔ انیتا کستوربا گاندھی ریزیڈنشل اسکول میں اساتذہ کی حیثیت سے کام کرتی تھی۔
ای ٹی وی بھارت نے انیتا سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ' میری ایک سال قبل پشپندر سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس دوران میں نوکری کی تلاش کررہی تھی۔ اس نے انامیکا شکلا کے نام پر جعلی دستاویزات فراہم کرنے میں میری مدد کی۔ تب سے میں امبیدکر نگر کے کستوربا گاندھی ریزیڈنشل اسکول میں کام کررہی ہوں۔'
انیتا نے کہا کہ ' میرے شوہر کی موت چند برس پہلے ہوئی تھی۔ میرا چار سال کا ایک بچہ بھی ہے جس کی پرورش کرنا میری ذمہ داری ہے۔ ان تمام حالات نے مجھے ایسا کرنے پر مجبور کیا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ ' مجھے اب ایک ماہ سے تنخواہ نہیں مل رہی ہے، میری تنخواہ ماہانہ 10000 ہے۔'
واضح رہے کہ اس سے قبل یعنی 7 جون کو ایک استاد انامیکا شکلا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس نے مبینہ طور پر 25 مختلف اسکولوں سے ایک سال کی تنخواہ میں 1 کروڑ سے زیادہ رقم لے لی تھی۔