اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان لاک نظام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہستالوں کو آکسیجن طے شدہ قیمت کے مطابق ہی ملے۔ کسی بھی صورت میں آکسیجن کی کالا بازاری نہ ہونے پائے۔ چیف سکریٹری کا دفتر ضلع انتظامیہ سے رابطہ قائم کر کے کووڈ-19 کے پیش نظر علاج کی سہولیات اور دیگر انتظامات پر لگاتار موثر جائزہ لیں۔
لیبوں کو وافر مقدار میں ٹیسٹنگ کٹ فراہم کرائے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں، میڈیکل کالجوں اور لیبس میں ٹیسٹنگ کٹ کا بیک اپ رکھا جائے تاکہ جانچ کا کام بحسن خوبی انجام پاتا رہے۔
انہوں نے کووڈ-19 کے انفیکشن پر کنٹرول میں ٹیسٹنگ کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام پوری مستعدی سے کیا جانا چاہئے۔ اڈیشنل چیف سکریٹری کو ضلع ہسپتالوں،کمیونٹی ہیلتھ سنٹروں اور پرائمری ہیلتھ سنٹروں کی سہولیات کو اور مضبوط بنانے کے لئے مختلف ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا کہ اڈیشنل چیف سکریٹری (ایجوکیشن) میڈیکل کالجوں اور طبی اداروں کی طبی سہولیات کو اور پختہ کریں۔ انہوں نے لکھنؤ، میرٹھ، گورکھپور، پریاگ راج، سہارنپور اور مظفر نگر پر خصوصی دھیان دیے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع میں کورونا کے مریضوں کے علاج کا نظم مزید پختہ کرتے ہوئے کنٹیکٹ ٹریسنگ میں تیزی لائی جائے۔