ریاست اترپردیش کے رامپور میں واقع تاریخی جامع مسجد میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز اداکی گئی، حالانکہ تیسرے نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصلیوں کی تعداد کم رہی، شہر قاضی سید خوشنود میاں نے مصلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ حقوق العباد کی ادائیگی پر زور دیں۔انہوں نےمزید کہا کہ رمضان المبارک کا خاص اہتمام کریں ،عبادات و ریاضت کی ادئیگی میں کوتاہی نہ برتیں۔ Indoctrination of Worships on the Occasion of Laylat al-Qadr
مذکورہ مسجد میں ہر سال ماہ صیام کے جمعہ کے نماز کی ادائیگی کے لئے کثیر تعداد میں لوگ آتے تھے، تاہم دو سال کورونا لاک ڈاؤن کو اگر مسثنیٰ کردیا جائے تو 50 برس میں یہ پہلا رمضان ہے کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مصلیوں کی اتنی کم تعداد آئی ہے۔
شہر قاضی نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرہ کی فضیلت بیان کی وہیں رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب بیداری کا اہتمام کرکے شب قدر تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اپنے خطبہ کے دوران مسلمانوں سے حقوق العباد ادا کرنے کی بھی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے حقوق میں بندہ اگر کوتاہی کرتا ہے اور اللہ سے توبہ کر لیتا ہے تو اللہ تعالی اس کو معاف کر دیتا ہے لیکن اگر کسی نے اللہ کے بندہ کی حق تلفی کی تو جب تک بندہ معاف نہ کرے اللہ بھی معاف نہیں کرتا ہے۔ نماز جمعہ کے بعد ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔