اس دوران عید گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس کے جوان موجود رہے۔ وہیں شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مسلسل گشت کرکے لوگوں سے گھروں میں رہ کر ہی تہوار کا اہتمام کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔
آج عید الاضحی کا دن ہے، عالم اسلام میں یہ دن کافی اہمیت کا حامل ہے۔ عید قرباں کی شروعات عید الاضحی کی دو رکعت نماز ادا کرکے کی جاتی ہے۔ لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے اترپردیش میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
وہیں ریاستی حکومت کی جانب سے عبادت گاہوں میں صرف پانچ افراد کے داخلہ کی اجازت ہے۔ اس لئے یہ عید کافی مختلف نظر آ رہی ہے۔ رامپور میں گلی، محلوں اور چوراہوں پر خاکی وردی میں صرف پولیس کے جوان کھڑے ہیں جو عوام سے لاک ڈاؤن پر عمل کرانے کے لئے اپنی ڈیوٹی پر تیعنات ہیں۔
رامپور کے شاہ آباد گیٹ پر واقع عید گاہ کے تمام دروازے بند ہیں۔ سماجی فاصلہ کی وجہ سے کسی بھی اجتماع کی کوئی اجازت نہیں ہے اس لیے مسلمان اس پر عمل کرتے ہوئے عید کا اہتمام اپنے گھروں پر رہ کر ہی کر رہے ہیں۔
مساجد میں صرف پانچ نمازیوں کو جانے کی اجازت ہے۔ اس لیے جہاں ہمیشہ عید کے دن نمازیوں کے پرنور چہرے بڑی تعداد میں نظر آتے تھے لیکن آج تمام جانب سناٹا ہی سناٹا ہے۔
مسلمان اپنے عمل سے عید کا واضح پیغام دے رہے ہیں کہ کورونا کو بھگانا ہے تو گھروں پر رہیں، محفوظ رہیں۔