تاہم لاک ڈاؤن اور موسم نے آم کے کاشتکاروں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔
اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سےتقریبا 25 کلومیٹر دوری پر ملیح آباد ہے۔
اسے 'آم پٹی' کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہاں کے آم کا ہر کوئی دیوانہ ہے لیکن اس سے جڑے باغبان پریشان ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران باغبان سراج الحسن نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس بار آم کی فصل کا بہت نقصان ہوا ہے۔ بے موسم بارش، اولے اورآندھی نے ہماری کمر توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب آم پک کر تیار ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے منڈی میں آم نہیں جا سکا لیکن جب گیا تو ہمیں اچھی قیمت ملی۔ اب کافی آم منڈی میں آ رہا ہے، جس وجہ سے قیمت کم مل رہی ہے۔
آم کی قیمت فی کلو کے حساب سے طے نہیں ہوتی بلکہ کیرٹ کے حساب سے طے کیا جاتا ہے۔
ایک کیرٹ میں 24-25 کلو آم ہوتا ہے۔
لاک ڈاؤن کے بعد ایک کیرٹ کی قیمت 1100-1200 روپے اور اب اسی کا 500-700 فی کیرٹ قیمت مل رہی ہے۔
نیاز احمد نے بتایا کہ شروعات میں درختوں پر بور بہت اچھا آیا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم اپنے باغ کی دیکھ بھال نہیں کر سکے۔ اب ہمارا زیادہ نقصان ہو گیا ہے۔
انہوں بتایا کہ "ہم لوگ کچے آم کا پال رکھتے ہیں، اس کے لئے اسے تین سے چار دنوں کے لئے 'کاربیٹ' لگا کر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ پھر اسے نکال کر پیک کر کے منڈی بھیج دیا جاتا ہے۔"
لاک ڈاؤن کے سبب شروعات میں اچھی قیمت ملی لیکن اب آم کافی سستا ہوگیا ہے،
جس وجہ سے ہمیں بہت زیادہ منافع نہیں ہو رہا ہے۔ سرکار سے اپیل ہے کہ وہ ہماری پریشانیوں کو سمجھے اور کچھ ایسا انتظام کریں تاکہ بازار میں اور بیرونی ممالک میں ہمارا آم جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ ملیح آباد کا آم گلف کنٹری میں بہت پسند کیا جاتا ہے لیکن اس بار آم کاشتکاروں کو مایوسی پائی جا رہی ہے کیونکہ کورونا وائرس کا خطرہ مزید بڑھتا ہی جارہا ہے۔