مظفرنگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں مسلم تیاگی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ) کی پہلی ایگزیکٹو میٹنگ میرٹھ روڈ کے گاؤں جدودہ میں واقع دفتر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مرسلین تیاگی اور نظامت جنرل سکریٹری شہزاد تیاگی نے کی۔ اس موقع پر صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوسائٹی کی تشکیل کا بنیادی مقصد موجودہ اور آنے والی نسلوں کی تعلیم اور روشن مستقبل ہے اور ہم سب اس کام کو اپنے تن، من، دھن سے کرنے کی کوشش کریں گے، نئی نسل کی تعلیم و تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے لئے ہمیں مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جنرل سیکرٹری شہزاد تیاگی نے کہا کہ کمیٹی کی رجسٹریشن کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ہے جس میں کئی تجاویز پیش کی گئیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ سب سے پہلے ایگزیکٹیو اور ممبران کی سالانہ فیس 2100/- روپے مقرر کی گئی۔ دوسری تجویز ادارے کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے منظور کی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ خزانچی اور سیکریٹری کا مشترکہ اکاؤنٹ نیشنلائزڈ بینک میں کھولا جائے گا۔ تیسری تجویز یہ ہے کہ گاؤں گاؤں جا کر کمیٹی تشکیل دی جائے اور ایسے لوگوں کی تلاش کی جائے جو بغیر کسی لالچ کے برادری کے بچوں کی بھلائی کے لیے کام کر سکیں۔ ایسے لوگوں خصوصاً تعلیم یافتہ نوجوان لڑکوں کو شامل کیا جائے گا۔ تنظیم کے تنظیمی سکریٹری سالم تیاگی نے کہا کہ جلد ہی تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: لڑکیوں کو خود انحصار ہونا چاہیے، ڈاکٹر فرحت خان