فیروزآباد: سماج وادی پارٹی(ایس پی)کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ پہلے کی حکومتوں میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں طمنچے لہراتے تھے جبکہ اب نوجوانوں کے ہاتھوں میں ٹیبلیٹ ہے۔ تلک انٹر کالج میدان پر بی جے پی کے بلدیاتی امیدواروں کی حمایت میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے ہندوستان کی پہچان بدعنوانی کے طو رپر ہوا کرتی تھی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کو ایک نئی پہچان ملی آج دنیا میں ہندوستان کا احترام ہے۔ ہندوستان جی 20 کی صدارت کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی نگاہیں ہندوستان کی جانب ہیں۔ بدلتے نئے ہندوستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ ٹیکنالوجی ہے۔ پہلے منھ بھرائی کی سیاست ہوا کرتی تھی جبکہ اب نئے ہندوستان میں بااختیاری کی پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ نئے ہندوستان کے ساتھ ساتھ اترپردیش کے تئیں سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔ وزیر اعظم کے ویژن کو یوپی نے اپنا مشن بنا لیا ہے۔ پہلے کی حکومت میں نوجوانوں کے ہاتھ میں طمنچے لہراتے تھے جبکہ اب اترپردیش کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ٹیبلٹ دیکھے جاسکتے ہیں۔غنڈوں کی دہشت ختم ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عام لوگوں کے لئے طبی سہولیات کے لئے آیوشمان غریبوں کے لئے مکان ، بیت الخلاء اور اجولا اسکیم کا فائدہ اور مفت میں راشن دستیاب کرانا بی جےپی کے ذریعہ ہی ممکن ہوا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ اب ضرورت ہے ڈبل انجن کے ساتھ ٹریپل انجن بھی چاہئے جس سے بلدیاتی علاقوں میں مکمل ترقی ہو سکے اور ڈبل انجن کی حکومت کی اسکیمات کو زمین پر اتارا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فیروزآباد میں پہلے بھی بی جے پی کے میئر کے ذریعہ کافی کام کئے گئے۔ فیروزآباد کو صفائی سروے اور شفاف ہوا کے لئے آوارڈ مل چکا ہے۔ فیروزآباد میں گلوبل سمٹ کے ذریعہ سے نئی انڈسٹری لگانے کی پہل شروع ہوئی ہے اور کانچ صنعت کا ایک نیا ایکسپورٹ ہب بنا ہے۔ انہوں نے موجود عوام سے اپیل کی کہ فیرو زآباد میں میئر عہدے کے لئے کامنی راٹھور کے ساتھ ساتھ ضلع کی سبھی چیئرمین اور کاونسلر، کو جیت دلا کر بی جے پی کے مضبوط وارڈ بنانے کا کام آپ سبھی کو کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Death Threats To CM Yogi سی ایم یوگی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی
یو این آئی