علی گڑھ: عید الضحی کے پیش نظر علی گڑھ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اندرا وکرم سنگھ نے مذہبی رہنماؤں، سماجی کارکنان، متولیوں کے خاص میٹنگ کی، جس میں مسلم اکثریتی علاقوں میں صفائی، نماز سڑکوں پر ادا نہیں کرنے اور قربانی کے بعد جانور کے باقیات کو ڈھانپ کر لے جانے کے لیے 48 مقامات پر کلیکشن پوائنٹس بنا کر میونسپل کارپوریشن کی گاڑیاں لگانے کی ہدایت دی۔
خصوصی میٹنگ میں علی گڑھ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا کہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تمام ایس ڈی ایمز اور سی اوز اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں کے ساتھ امن کمیٹی کی میٹنگ کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ تہوار کا مواقع ہے۔ شرارتی اور سماج دشمن عناصر ایسے اچھے موقع پر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ مقامی تحصیل انتظامیہ کو انتہائی احتیاط اور چوکسی اختیار کرنی ہو گی۔
انہوں نے تہواروں کے پیش نظر کھانے پینے کی چیزوں میں ملاوٹ کی چیکنگ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی چیزوں کی فروخت کی ہر شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ نماز سڑکوں پر نہ پڑھی جائے، نماز مقامی مساجد میں ادا کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑک پر کوئی نماز نہیں پڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی نہ دی جائے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن سمیت تمام ای اوز اور ایس ڈی ایمز کو صفائی اور پانی کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی، قربانی کے بعد باقیات کو ڈھانپ کر لے جانا چاہیے، تاکہ دیگر برادریوں کے جذبات مجروح نہ ہوں۔ انتظامات کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ باقیات کو ڈھانپ کر لے جایا جائے گا، اس کے لیے 48 مقامات پر کلیکشن پوائنٹس بنا کر ٹریکٹر اور دیگر گاڑیاں لگائی گئی ہیں۔ ڈی ایم نے ہدایت دی کہ کلکشن پوائنٹس کی فہرست تمام تھانوں میں دستیاب کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: Aligarh Peace Meeting عید کے پیشِ نظر علیگڑھ انتظامیہ کی مذہبی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ