ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی دیویانشی جین نے سی بی ایس ای انٹرمیڈیٹ امتحان میں 100 فیصد نمبر لاکر سب کو حیران کردیا ہے۔
دیویانشی نے 12 ویں کے امتحان میں 100 فیصد نمبر حاصل کرکے ملک میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ دیویانشی جین لکھنؤ کے نویوگ ریڈیئنس سینئر سیکنڈری اسکول کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے انٹرمیڈیٹ بورڈ امتحان میں 600 میں سے 600 نمبر حاصل کرکے پورے شہر اور کنبہ کا نام روشن کیا ہے۔
صد فیصد نمبر حاصل کرنے کے بعد دیویانشی جین نے کہا کہ 'وہ شروع سے ہی تعلیم کو لےکر حساس ہیں۔ ان کے اساتذہ نے بتایا تھا کہ 'آخری وقت میں امتحان کی تیاری کرنا کوئی اچھی حکمت عملی نہیں ہے۔ لہٰذا سال کے آغاز سے ہی اس نے اپنے بہتر نتائج کے لیے منصوبہ بند طریقے سے تمام مضامین کا مطالعہ کرنا شروع کردیا تھا۔
انٹرمیڈیٹ میں دیویانشی جین کے مضامین ہندی، انگریزی، سنسکرت، تاریخ، جغرافیہ اور انشورنس ہیں۔ ان مضامین کی تیاری کے لیے دیویانشی نے اپنی طرف سے نوٹس بھی تیار کیے تھے۔ دیویانشی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد راجیش پرکاش جین ایک کاروباری ہیں اور والدہ سیما جین گھریلو خاتون ہیں۔
دیویانشی کا کہنا ہے کہ 'امتحان کی تیاری کے دوران انہیں اپنے کنبہ کے ساتھ ساتھ اسکول کے اساتذہ کی بھی مکمل حمایت اور حوصلہ ملا۔ اسکول میں یونٹ ٹیسٹ سمیت بہت سارے ٹیسٹ ہوئے جن کا امتحان میں بہت فائدہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: سی بی ایس سی نتائج: گزشتہ برس سے پانچ فیصد زیادہ طلبا کامیاب
این سی ای آر ٹی کی کتابوں کے علاوہ انہوں نے انٹرنیٹ کے ذریعہ بھی تعلیم حاصل کی۔ دیویانشی کا کہنا ہے کہ 'وہ جو کچھ بھی پڑھتی ہیں اس کی مختصر نوٹس ضرور بناتی ہیں۔