اترپردیش کے ضلع امبیڈکر نگر میں 36 سال کے ضیاء الدین کی پولیس کسٹڈی میں موت ہو گئی۔ سواٹ ٹیم نے انہیں دو روز پہلے ہی اسپتال میں داخل کرایا تھا جس کے بعد اسی دن رات میں موت ہو گئی۔ مرحوم کے اہل خانہ نے موت کی وجہ پولیس تشدد بتائی۔
پولیس نے ضیاء الدین کو دو روز پہلے ہی اعظم گڑھ کے حاجی پور قدرت گاؤں سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کسٹڈی میں موت کے بعد ضیاء الدین کے اہل خانہ نے پولیس تشدد سے موت کا الزام لگایا ہے۔ معاملہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایس پی نے مجسٹریٹ سے جانچ اور کیمرے کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیا ہے۔
رہائی منچ کے جنرل سیکرٹری راجیو یادو کی قیادت میں ایک وفد نے ضیاء الدین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ہر ممکن مدد کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر یادو نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ضیاء الدین کے والد علاؤالدین سے ملاقات کے بعد فوراً پولیس اہلکاروں اور افسران کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتاری اور اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
راجیو یادو نے بتایا کہ یہ پولس کی مجرمانہ سازش ہے۔ امبیڈکر نگر کے تھانہ جیتپور، ضلع جونپور کے کھٹہن اور اعظم گڑھ کے تھانہ پوئی ایس ٹی ایف اور ایس او جی کو جانچ کے دائرے میں لاتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
راجیو یادو نے بتایا کہ اس معاملے میں لمبے وقت سے مرحوم ضیاء الدین اور دوسرے لوگ پولیس کے رابطے میں تھے اور ابھی بھی کچھ لوگ پولیس کی حراست میں ہونے کی خبر ہے۔ پولیس کی غیر قانونی حراست میں موجود لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس ایسے لوگوں کو گرفتار کر کے پیسہ بھی وصول کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے معاملے کی منصفانہ چھان بین کے لیے ضروری ہے کہ پولیس اہلکاروں کے موبائل کال ریکارڈ چیک کیا جائے تاکہ سب کچھ واضح ہو جائے۔