نوئیڈا: ریاست اتر پردیش کے ضلع گریٹر نوئیڈا کی پولیس نے خصوصی چھاپہ ماری مہم کے دوران ڈاکٹر کی بیٹی کے قتل اور لوٹ کے معاملے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم کے قبضے سے 7 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔ واقعہ کے بعد پردیپ کو پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران جب پولیس لوٹی گئی رقم برآمد کرکے اس کے گھر سے واپس آرہی تھی تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق اس نے ایک پولیس اہلکار کی پستول چھیننے کی بھی کوشش کی۔ پولیس کی اپنے دفاع میں چلائی گئی گولی سے وہ زخمی ہوا۔ پولیس نے اسے گرفتار کر کے علاج کے لیے ہسپتال بھیج دیا۔ اس سے پہلے پرانا ستیہ گاؤں میں رہنے والے ڈاکٹر کی بیٹی کو قتل کر کے 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے تھے۔ واقعے کے وقت ڈاکٹر کی 14 سالہ بیٹی شلپی گھر پر اکیلی تھی۔ متاثرہ کے اہل خانہ نے پڑوس میں رہنے والے ایک جاننے والے پردیپ پر شک ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے پردیپ کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی تھی۔
ڈاکٹر سدرشن بیراگی بنیادی طور پر میرٹھ کے ہستینا پور کے رہنے والے ہیں۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ سیکٹر 147 میں رہتے ہیں۔ انوشکا پولی نام کا ان کا کلینک نوئیڈا کے سیکٹر 93 میں ہے۔ وہ اس دن دوپہر اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ اسپتال گئے تھے۔ اس وقت 14 سالہ شلپی گھر میں اکیلی تھی۔ دوپہر ڈیڑھ بجے گھر واپس آیا تو بیٹی کی گردن ڈوپٹہ سے لپٹی ہوئی تھی اور منھ سے خون بہہ رہا تھا۔ وہ فوری طور پر شلپی کو قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ڈاکٹر نے پولیس کو بتایا کہ گھر سے تقریباً 25 لاکھ روپے غائب ہیں۔ ایسے میں قیاس کیا جا رہا تھا کہ ڈاکٹر کی بیٹی نے لوٹ کی مخالفت کی ہو گی، اسی لیے اسے کسی نے قتل کر دیا۔ ڈاکٹر کو چند روز قبل ایک پلاٹ فروخت کرنے پر 25 لاکھ روپے ملے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:Rape case in Raebareli رائے بریلی میں جنسی زیادتی کا ملزم گرفتار
واقعے کے بعد ڈاکٹر نے پردیپ پر شک ظاہر کیا۔ واقعہ کے دوران پردیپ ایک گھنٹے تک گھر سے غائب بتایا گیا تھا۔ تاہم، پردیپ نے حراست میں پوچھ گچھ کے دوران خود کو بے قصور بتایا تھا۔ لیکن گھر سے اس کے لاپتہ ہونے کی تصدیق سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے ہوئی ہے۔ پردیپ نے اپنی ٹی شرٹ بھی تبدیل کر لی تھی جب وہ گھر سے غائب تھا۔