پریاگ راج: پریاگ راج کی دھوم گنج پولیس نے دوہرے قتل کے گواہ کو قتل کی دھمکی دینے کے ساتھ بھتہ مانگنے کے الزام میں عتیق احمد کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے۔ 11 اپریل کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار شدہ عتیق احمد کے ساتھی شاکر اور دیگر افراد کے خلاف دھوم گنج تھانے میں بھتہ مانگنے، دھمکیاں دینے، مار پیٹ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
الکاما سرجیت کا دوہرا قتل پریاگ راج کے ماریاڈیہ گاؤں میں کیا گیا تھا۔ اسی مقام کا رہنے والا صابر دوہرے قتل کا گواہ تھا جس کو عتیق احمد اور اس کے بیٹے علی سمیت دیگر 9 افراد کے ہاتھوں مارا پیٹا گیا تھا اور گواہی نہ دینے کی دھمکی دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایک کروڑ روپے تاوان کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اور متاثرہ شخص سے کہا گیا تھا کہ اگر اس نے عتیق احمد اور دیگر کے خلاف گواہی دی تو سنگین نتائج بھگتنا پڑے گا۔
دوہرے قتل کے گواہ صابر نے عتیق احمد کے قتل سے 4 دن پہلے 11 اپریل کو مقدمہ درج کرایا تھا جس میں عتیق احمد اور اس کے بیٹے علی سمیت 11 افراد کے خلاف دھمکی دینے اور تاوان طلب کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ قتل کے گواہ صابر نے الزام لگایا تھا کہ شاکر عتیق احمد کا قریبی ساتھی ہے۔ شاکر نے عتیق احمد کے بیٹے علی کے ساتھ مل کر صابر کو نہ صرف مارا پیٹا بلکہ اسے گواہی نہ دینے کی دھمکیاں بھی دی۔ اس کے علاوہ صابر نے ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
اس مقدمے میں نامزد ملزم عتیق احمد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اس کا بیٹا علی اور شوٹر اسد کالیا پہلے ہی نینی سنٹرل جیل میں بند ہیں جبکہ 9 ملزمین فرار ہیں، مذکورہ شخص پر 2015 میں ماریہ ڈیہ گاؤں میں دوہرے قتل کے گواہ کو دھمکیاں دینے کا الزام عائد ہے۔
مزید پڑھیں: عتیق احمد گینگ کا سرغنہ اجے کھرانہ گرفتار
واضح رہے کہ پریاگ راج کے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد کو پولیس تحویل میں ہاسپٹل لے جانے کے دوران ہی انتہائی قریب سے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ ان دونوں بھائیوں کو پولیس نے مختلف مقدمات کے تحت گرفتار کیا تھا۔