اکھل بھارتیہ چھتریہ مہا سبھا کی جانب سے ایک اہم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس میٹنگ کے توسط سے مقررین نے معاشرہ میں پھیلی برائیوں کو دور کرنے کی اپیل کی۔
مقررین نے معاشرہ میں پھیلی برائیوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بچوں کو آگے بڑھانے اور انہیں مہذب بنانے کے ساتھ ساتھ اخوت اور اتحاد کے جذبہ سے سرشار کرنے پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق دیوبند کے مجنوں والا روڈ پر واقع ایک میٹنگ ہال میں اکھل بھارتیہ چھتریہ مہا سبھا کے زیر اہتمام ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مقرین نے نوجوانوں کے چال چلن کو مضبوط بنانے اور معاشرہ میں پھیلی برائیوں سے دور رہنے کی اپیل کی۔
پروگرام میں تنظیم کے ضلع سہارنپور، مظفر نگر اور شاملی شاخوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ ان تمام عہدیداران کو اعزازات سے نوازا گیا۔ پروگرام کا آغاز مہارانہ پرتاپ کے مجسمہ پر گل پوشی کرنے کے بعد کیا گیا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی کرنل راجیو نے دوران خطاب کہا کہ 'ہمیں نوجوانوں کو بہتر اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت کے قابل بنانا چاہیے تا کہ وہ اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوسکیں۔'
ڈاکٹر بی پی سنگھ نے کہا کہ معاشرہ میں پھیلی افراتفری کو ختم کرکے اتحاد قائم کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں کیونکہ اتحاد میں بڑی قوت ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جہیز جیسی لعنتوں سے اپنے آپ کو نہ صرف دور رکھیں بلکہ اس کے لین دین پر پابندی لگانے کے لیے خلوص کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔
بعد ازاں ڈاکٹر سُکھپال سنگھ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر بہتر معاشرہ کا تصور ممکن نہیں ہے اس لیے ہمیں بچوں میں تہذیب و تمدن کے ساتھ ساتھ ان کی اعلیٰ تعلیم پر خاص توجہ دینی چاہئے تا کہ وہ تعلیم یافتہ اور مہذب بن کر اپنے بڑے بزرگوں کا احترام اور اخلاقیات کا مظاہرہ کر سکیں۔