ریاست اترپردیش کے غازی آباد تھانہ کے اندرا پورم علاقہ میں شوہر اور بیوی نے ایک ساتھ پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ جمعہ کے روز دونوں کی لاشیں گھر کے اندر سے پولیس نے برآمد کی ۔
ذرائع کے مطابق نکھل کمار اور اس کی اہلیہ پلوی اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے کے ساتھ گیان کھنڈ میں رہائش پذیر تھے۔ لیکن جمعہ کی صبح تھانہ علاقے کے اندرا پورم کے گیان کھنڈ، 1 میں اس وقت افراتفری کاماحول پیدا ہو گیا جب گھر میں شوہر اور بیوی کے پھانسی لگا کر خودکشی کرنے کا واقعہ سامنے آیا ، معاملے کی اطلاع مقامی لوگوں نے پولیس کو دی، موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھج دیا اور تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے کہ پولیس کو نکھل کی لاش گھر کے بیڈ روم سے جبکہ اہلیہ پلوی کی لاش ڈرائنگ روم سے برآمد ہوئی ۔ دونوں کی لاشیں پھندے پر لٹکی ہوئی تھیں۔ اس واقعے کا ایک افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ جوڑے نے موت کو گلے لگانے سے پہلے ایک بار بھی اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔
نکھل نے بھانسی لگانے سے پہلے اپنے بہن کو یہ پیغام دیا تھا جس میں لکھا تھا کہ آپ جلدی آؤ بچہ گھر میں تنہا ہے۔