ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی شہر میں بدھ کو نہرو نگر کے کارپوریٹر محمد فیصل نے اپنی کوششوں سے وارڈ کے لوگوں کے مطالبات پر کووڈ-19 ٹیسٹ کیمپ کا انعقاد کرایا۔
مقامی لوگوں نے اس کیمپ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کووڈ ٹیسٹ کروایا، زیادہ تر افراد کا ٹیسٹ منفی آیا۔ وہیں مثبت پائے گئے لوگوں میں دوا تقسیم کی گئی اور انہیں گھر میں کورنٹائن رہنے کی ہدایات دی گئی۔
اس موقع پر کارپوریٹر محمد فیصل نے بتایا کہ ان کے علاقے کے تمام افراد ان سے گزارش کر رہے تھے کہ کہیں قریب میں ان کا ٹیسٹ کرا دیا جائے۔ ان میں سے زیادہ تر بزرگ اور کچھ ایسے لوگ تھے، جو دور جاکر اپنا ٹیسٹ کرانا نہیں چاہتے تھے۔ اسلئے انہوں نے افسران سے درخواست کی۔ جس کے بعد یہ کیمپ منعقد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ محلے میں کیمپ لگنے سے لوگ بے خوف ہوکر اپنا ٹیسٹ کرانے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب خوف زدہ نہیں ہیں، وہ چاہ رہے ہیں کہ ان کا ٹیسٹ ہو جائے اور کورونا مثبت پائے جانے پر مناسب علاج ہو جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے کیمپوں کی ضرورت تمام محلوں میں ہے۔