کورونا وائرس کے خطرات سے نپٹنے کے لئے یوگی حکومت کو کانگریس کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ریاست میں کورونا ٹسٹنگ اور علاج کی سہولت میں اضافے پر زور دیا ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو جمعہ کو لکھے اپنے خط میں محترمہ واڈرا نے کہا’’ ملک کے دیگر ریاستوں کی طرح اترپردیش میں بھی کورونا وائرس کا قہرجاری ہے ۔ آ ج ہمارے طبی نظام کے سامنے یہ بڑا چیلنج ہے کہ ہم کس طرح سے وائرس متاثرہ افراد کی شناخت کر کے ان کا علاج کر سکیں، تاکہ انفیکشن کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ کووڈ۔19 کے انفیکشن کو روکنے کے لئے اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ ایک کافی کارگر نسخہ ہے۔چھ کروڑ کی آباد والے جنوبی کوریا نے ہر 1000 لوگوں پر تقریبا 6افراد کی جانچ کی اور وائرس کے انفیکشن کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ راجستھان کے بھیلواڑی میں جنگی پیمانے پر کام ہوا اور نو دنوں کے اندر 24 لاکھ لوگوں کی اسکریننگ کر کے زیادہ سے زیادہ جانچ کر کے متاثرہ لوگوں کی شناخت کی گئی۔
محترمہ واڈرا نے کہا کہ اترپردیش کی آبادی تقریبا 23 کروڑ سے متجاوز ہے جبکہ ٹیسٹنگ کے لئے نئے نمونوں کی تعداد صرف 7000 کے قریب ہے جو ابھی بہت کم ہے۔ ٹیسٹنگ کے عمل کو رفتار دینے کی ضرورت ہے۔ اترپردیش میں ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانا کافی اہم ہے۔
پرینکا نے اپنے خط میں وزیر اعلی کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی جانچ کر کے جنگی پیمانے پر علاج کرنا پڑےگا۔ جس سے ہمارے آئی سی یو پر کم سے کم دباؤ پڑے۔ ساتھ ہی اپنے’’آئیسولیشن وارڈ اور قرنطینہ مراکز کو انسانی وقار کے مطابق بنایا جائے۔