ضلع مجسٹریٹ بھوپندر ایس چودھری نے بتایا کہ پڈرونا بلاک کے نونیا پٹی، ددہی بلاک کے کوکل پٹی اورکپتان گنج کےگھوڑا ڈیورگاؤں کو کنٹینمینٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق کورونا پازیٹیو شخص کی رہائش گاہ کو انفیکشن کامرکز مانا گیا ہے اور اس کے تین کلو میٹر کے دائرہ کو کنٹینمینٹ زون قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آمد و رفت کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ نگرانی کے لئے پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ علاقے میں کسی شخص کی آمد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اگر کوئی شخص اس علاقے سے باہرجاتا ہے، یا کوئی باہر سے آتا ہے تو اس کے خلاف معاملہ درج کرکے جیل بھیجا جائے گا۔
متعلقہ بی ڈی او پورے علاقے کو سینیٹائز کرائیں گے۔ اس کے علاوہ آنگن واڑی کارکنان، گرام پنچایت نمائندگان اور آشا ملازمین ہر کنبہ کے ممبران کی صحت کی باقاعدگی سے جانچ کرکے صورتحال کے بارے میں معلومات دستیاب کرائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف میڈیکل آفیسر متاثر شخص کے کنبہ کے سبھی افراد کی آئسولیشن سینٹر میں جانچ کروائیں گے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وندھیاواسنی رائے نے بتایا کہ کنٹینمینٹ زون قرار دیئے گئے کوکل پٹی، نونیا پٹی اور گھوڑا ڈیور میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے مقصد سے عام لوگوں کے داخلے اور باہر جانے و گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صرف بیمار افراد اور حاملہ خواتین کو ہسپتال لے جانے اور مرنے والوں کی آخری رسومات جیسے بہت ضروری کاموں کے لئے سماجی فاصلے کی شرط کے ساتھ محدود چھوٹ دی جائے گی۔