اونتی پورہ (شبیر بھٹ): جموں و کشمیر کے اونتی پورہ میں پولیس نے جمعہ کو ایک شخص کو قابل اعتراض ویڈیو پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ایک لڑکی کے ویڈیوز کو مبینہ طور پر سوشل میڈیا میں شیئر کر رہا تھا۔
پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ 26 دسمبر کو اونتی پورہ میں پولیس کو ایک شخص کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی تھی کہ اس کی بہن (جس کا نام مخفی رکھا گیا ہے) کے فحش مواد مختلف سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مختلف افراد کے پلیٹ فارمز/واٹس ایپ گروپس میں ناشائستہ مواد اپ لوڈ کرنے پر تھانہ اونتی پورہ میں ایف آئی آر نمبر 186/2024 کے تحت آئی ٹی ایکٹ اور بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: دو کمسن بہنوں کی عصمت دری اور قتل مقدمہ میں مجرم قرار کمل جیت سنگھ کو ہائیکورٹ نے بری کردیا
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران افسران نے الزامات کو درست پایا۔ اس کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس معاملے میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مزید ملوث افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔ فی الوقت ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
پولیس سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ اس قسم کے ویڈیوز اپ لوڈ/سرکولیٹ نہ کریں جو کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت جرم ہے اور اس میں 07 سال تک سزا اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔