ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع میں اسندرہ تھانہ حلقہ کے ایک پولیس کانسٹیبل کو سپریٹینڈنٹ یمنا پرساد نے رشوت لینے کے الزام میں معطل کر دیا ہے، سپاہی کا رشوت لیتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس کی وجہ سے پولیس محکمہ کی کافی بدنامی ہو رہی تھی، سپاہی کو گرفتار کرکے جیل بھی بھیجا جائے گا۔
واضح ہو کہ اسندرہ تھانہ حلقہ کے بلاولپور چوکی میں تعینات کانسٹیبل للن پال نے راج کمار یادو نام کے ایک شخص سے رشوت لی تھی، رشوت لینے کی یہ تصویر کمیرے میں قید ہوئی اور اس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی، جس کے باعث پولیس کی شبیہ خراب ہو رہی تھی۔
پولیس سپریٹینڈنٹ یمنا پرساد نے وائرل ویڈیو پر نوٹس لیا اور کانسٹیبل للن کمار کو معطل کر دیا، ساتھ ہی اس پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔
پولیس سپریٹینڈنٹ کی اس کارروائی سے محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی، اس کاروائی کے ذریعہ پولیس سپریٹینڈنٹ یمنا پرساد نے اپنے ماتحتوں کو واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ وہ غلط کام کرنے والے کسی بھی شخص کو برداشت نہیں کریں گے۔