ریاست اتر پردیش میں نوئیڈا کے چلا بارڈر پر زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے۔ وہیں کسانوں کے اس مظاہرے کو کانگریس نے بھی اپنی حمایت دے دی ہے۔ دراصل گوتم بدھ نگر کے کانگریس صدر مہیش چودھری کسانوں کی حمایت میں بارڈر پر پہنچ گئے ہیں۔
وہیں کسان اپنے مطالبات پر قائم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ زرعی قوانین میں ترمیم ہونے تک ان کا مظاہرہ جاری رہےگا۔
کسانوں نے انتباہ دیا ہے کہ 'وہ چھ ماہ کا راشن لے کر آئے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو یہ مظاہرہ اس کے بعد بھی جاری رہے گا۔'
کسانوں کی حمایت میں پہنچے گوتم بودھ نگر کے کانگریس صدر مہیش چودھری نے کہا کہ 'وہ پہلے کسان ہیں، پھر پارٹی کے نمائندے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اگر کسانوں کے ساتھ غلط ہورہا ہے تو دیگر جماعتوں کو بھی کسانوں کا ساتھ دینا چاہئے۔'
انہوں نے کہا کہ 'حکومت نے صنعتکاروں کو چھوٹ دے رکھی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ سیب سے مہنگا آلو فروخت ہو رہا ہے۔ جئے جوان جئے کسان کے نعرے کے ساتھ کانگریس ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی رہےگی۔'
وہیں کسان تنظیم کے عہدیداروں نے زرعی قوانین کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر جمعرات کے اجلاس میں اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو ملک کے کسان مظاہرہ جاری رکھیں گے۔ دہلی میں سبزیوں، دودھ اور پھلوں کی فراہمی بند کر دی جائےگی۔'