ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں کانگریس ترجمان اور منشور کمیٹی کے صدر پی ایل پنیا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا حکم ہے کہ انتخابی منشور تیار کرنے سے قبل سماج کے تمام طبقات کے ساتھ گفتگو کی جائے اور ان کے مسئلے جانیں۔ اسی کے تحت پارٹی نے 26 - 28 فروری تک بہرائچ ضلع سے یہ کام شروع کیا۔ ہم لوگوں نے وہاں تین روز تک تمام طبقات سے گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ جب ہم لوگ ان کے درمیان گئے تو لوگ کافی خوش اور جوش میں نظر آئے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ کوئی پارٹی ان کے درمیان آئئی ہے اور ان کے مسائل سن رہی ہے اور سمجھ رہی ہے۔
پنیا نے بتایا کہ اسی طرح ہم ریاست کے تمام اضلاع میں جاکر عوام سے گفتگو کریں گے۔ پی ایل پنیا نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کا انتخابی منشور تیار کرنے کا طریقہ سب سے الگ ہے۔ اب تک کمرے میں بیٹھ کر دو تین روز میں منشور تیار کر لیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح لوگ منشور سے منسلک ہوں گے اور سیاسی طور پر جڑنے کے بعد ہمیں ووٹ دینے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی یہ سوچ اچھی ہے۔