بارہ بنکی میں اقلیتی کانگریس کمیٹی کے ضلع انچارج جعفر موسیٰ اور ضلع صدر گلزار انصاری کی قیادت میں اقلیتی کانگریس کے کارکنان نے کلکٹریٹ پہنچ کر ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ صدر جمہوریہ کو مخاطب میمورنڈم سینیئر ایڈمنسٹریٹو افسر کو سونپا۔
میمورنڈم کے ذریعہ ملزمان پر سخت کارروائی اور بے قصور افراد کی مدد کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر اقلیتی کانگریس کے ضلع انچارج جعفر موسیٰ نے الزام عائد کیا کہ ایک خاص تنظیم کے غنڈوں نے مندسور میں ایک مسجد کے اندر جس طرح سے توڑ پھوڑ کر کے ایک خاص طبقے کے خلاف جس طرح نعرے بازی کی اس سے ملک کا سیکلورازم تار تار ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے افسوسناک یہ ہے کہ انتظامیہ خاموشی سے تماش بین بنا رہا۔
انہوں نے کہا کہ میمورنڈم کے ذریعہ صدر جمہوریہ سے ان کا مطالبہ ہے کہ ملزمان پر سخت کارروائی کی جائے اور بے قصوروں کو پریشان نہ کیا جائے۔
وہیں اقلیتی کانگریس کے ضلع صدر گلزار انصاری نے کہا کہ ملک میں کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔ اگر اس معاملے میں کارروائی نہ ہوئی تو وہ بڑا احتجاج کرنے کو مجبور ہوں گے۔