ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں شاہ گنج کوتوالی حلقہ کے موضع صبرحد عمران گنج بازار میں واقع ایڈن پبلک اسکول کے میٹنگ ہال میں موضع جیگہاں کے رہائشی معروف شاعر رہبر جونپوری کی یاد میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
نشست کی صدارت ڈاکٹر سعید اختر مسیحا جونپوری نے فرمائی اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر احمد صفی انصاری نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض کو شاعر مصداق اعظمی نے انجام دیا۔
کنوینر پرویز عالم بھٹو نے آئے ہوئے مہمانوں کا شال اوڑھا کر اور گلدشتہ دیکر ان کا خیر مقدم کیا تو وہیں شعراء حضرات نے اپنے اپنے کلام کو سامعین کی نظر کیا اور مہمانوں نے مرحوم رہبر جونپوری کے ساتھ گزارے اوقات و لمحات کو بیان کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں پرویز عالم بھٹو نے کہا کہ اردو دنیا کی ایک بڑی شخصیت 2020 میں ہمارے درمیان سے رخصت ہوئی تھی۔ آج نئے سال کی شروعات تھی تو اس بات کی ضرورت محسوس کی گئی کہ ایک پروگرام کا انعقاد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے اور ان کی یاد کو دلوں میں تازہ کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے اسکول نے یہ عزم مصمم کیا ہے کہ ہمارے شہر و اطراف کی ادبی شخصیات کے اعزاز و تعزیت میں پروگرام انعقاد کرکے نسل نو کو ان کی علمی و ادبی خدمات سے روشناس کرایا جائے اس کام کو میں تقریباً پانچ سالوں سے انجام دیتے آ رہا ہوں۔
مزید پڑھیں:
پریاگراج کے بمل کشور کا لمکا بک آف ریکارڈ میں نام درج
اس موقع پر بزرگ شاعر دماغ جونپوری، مسیحا جونپوری،معروف شاعر عبید اعظم اعظمی، سحر ایزدی، استادالشعراء اکرم جونپوری، حسرت جونپوری، مونس جونپوری، مزاحیہ شاعر مستعین جونپوری وغیرہ نے اپنے اشعار سے سامعین کو محظوظ کیا۔