اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں دو فریق کے مابین تنازع ہوگیا۔ یہ تنازع سڑک پر پانی بھرنے کی وجہ سے پیدا ہوا۔ تنازع بڑھنے کے ساتھ اینٹ اور پتھر کا بھرپور استعمال کیا گیا۔ جس سے گاؤں میں صورتحال کشیدہ ہے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود ہے۔
ڈی سی پی گریٹر نوئیڈا راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ اپرالسی گاؤں تھانہ جارچہ میں پانی کی نکاسی پر دو فریقوں میں جھگڑا ہوا، جس کے نتیجے میں پتھراؤ ہوا، جس میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ اب تک مجموعی طور پر 20 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور مزید گرفتاری کا عمل جاری ہے۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ یہ معاملہ دو دن سے چل رہا تھا لیکن پولیس تب حرکت میں آئی جب نوک جھونک تشدد میں تبدیل ہوگیا۔