پریاگ راج: پریاگ راج میں امیش پال قتل کے بعد یوپی پولیس سابق رکن اسمبلی عتیق احمد کے ساتھیوں پر کارروائی کر رہی ہے۔ امیش پال کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عتیق کے ساتھی گڈو مسلم پر بھی ہے۔ اس وجہ سے اب گڈو مسلم کے گھر پر بھی بلڈوزر کی کارروائی کرنے کی خبر علاقے میں گردش کر رہی ہے۔ دراصل رکن اسمبلی راجو پال کے قتل میں امیش پال گواہ تھے جس کو 24 فروری کو پریاگ راج میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
پریاگ راج میں عتیق احمد کے ساتھی ظفر اور صفدر کے گھر پر پہلے ہی بلڈوزر سے منہدم کردیا گیا ہے۔ گڈو مسلم پر الزام ہے کہ وہ امیش پال کے قتل کے وقت بمباری کرکے شوٹروں کو کور دے رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کیس میں ملوث غلام کے گھر پر بھی کارروائی ہوسکتی ہے۔ وہیں پریاگ راج کے سیشن کورٹ نے پولیس سے عتیق احمد کے دونوں نابالغ بیٹوں کے بارے میں بھی جواب طلب کیا، تاہم پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس اس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔ امیش پال قتل کے معاملے میں ابھی تک شوٹروں کی گرفتاری نہیں ہوسکی ہے۔
واضح رہے کہ امیش پال قتل معاملے کے وقت کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس ملزموں کو پکڑنے اور شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے، سی سی ٹی وی میں میں گڈو مسلم کو بم پھینکتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ گڈو نے امیش پال کے شوٹروں کو بمباری کے ذریعے کور دے رہا تھا۔ اس نے ایک کے بعد ایک بم پھینکا تھا جس سے شوٹروں کو جائے وقوع سے بھاگنے میں مدد ملی تھی۔
مزید پڑھیں:
گڈو کے علاوہ امیش قتل معاملے کے ملزم غلام کے مہدوری والے مکان پر بھی بلڈوزر کی کارروائی ہوسکتی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جارہا ہے کہ غلام ایک الیکٹرانک کے دکان پر کھڑا تھا، اس دوران جب شوٹروں نے امیش پال اور سکیورٹی گارڈ پر فائرنگ شروع کی تو غلام نے دوڑ کر امیش پال کو گولی ماری تھی۔