ریاست اترپردیش کے بلند شہر میں مشتعل ہجوم نے انسپیکٹر سبودھ کمار کو مار کر ہلاک کردیا تھا، جس الزام میں چھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جن کو آج ضمانت دیدی گئی ہے۔
ملزموں کو ضمانت ملنے کے بعد سبودھ کمار کی اہلیہ نے کہا کہ اس فیصلے نے مجھے چونکا دیا، انہوں نے کہا کہ آخر کار کس بنیاد پر ان ملزموں کو ضمانت دی گئی ہے۔
سبودھ کمار کی اہلیہ نے کہا کہ میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے درخواست کرتی ہوں کہ ان ملزموں کی ضمانت رد کی جائے۔
خیال رہے کہ انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ بلند شہر کے سیانا پولیس تھانے کے انچارج تھے، انھیں صبح اطلاع ملی تھی کہ پانچ کلومیٹر دور ایک گاؤں چگراوتی میں بلوائی اکھٹے ہو گئے ہیں، اور بعض بلوائیوں نے کہا کہ انھیں کھیتوں میں گائیوں کی لاشیں ملی ہیں۔ جلد ہی واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز گردش کرنے لگیں، جس میں ایک ٹریکٹر پر لاشیں لدی تھیں۔
واضح رہے کہ انسپکٹر سبودھ کمار کے پسماندگان میں ایک بیوہ اور دو بچے ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انھیں گولی لگی تھی، اور ان کا پستول اور تین موبائل بھی غائب تھے۔
انسپکٹر سبودھ کمار کے علاوہ ایک 18 سالہ نوجوان بھی اس تشدد میں مارا گیا تھا۔