ریاست اتر پردیش کے ضلع کشی نگر کے کھڈا میں اتوار کو بارات لے کر جانے کی تیاریوں کے دوران دلہن کی موت کی خبر سن کر دولہا بے ہوش ہو گیا، جہاں خوشی منائی جارہی تھی وہاں لمحوں میں ماتم چھا گیا۔
ذرائع کے مطابق 'یہ معاملہ کھڈا علاقہ کے گاؤں دھنوجی آبادکاری کا ہے۔ دھنوجی کے رہائشی اودے بھان کے برے بیٹے اوم پرکاش کشواہا کی شادی نیبوا نورنگیا تھانہ علاقے کے کٹھنئیا کھوچا ٹولا کے رہنے والے شری نارائن کی بیٹی مایا سے 29 نومبر، یعنی اتوار کے روز طے تھی۔'
دلہن کے اہلخانہ نے بتایا کہ 26 نومبر کو بڑے دھوم دھام سے مایا کے کنبہ کے افراد نے تلک بھی چڑھا دیا اور اس دن مایا اپنے بھائی کے ساتھ موٹرسائیکل سے شادی کا کچھ سامان خریدنے کے لئے جارہی تھی۔ تبھی بریکر پار کرتے ہوئے مایا موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث زخمی ہوگئی۔ گھر والوں نے اس کا علاج نجی اسپتال میں کرایا اور صحتیابی کے بعد وہ گھر آگئی۔'
انہوں نے بتایا کہ 'دلہا دلہن کی ہلدی تقریب ہفتہ کی رات ادا کی گئی۔ اس کے بعد شادی میں شریک مہمان کھانے کے بعد سو گئے تھے۔ اچانک صبح کے چار بجے کے قریب مایا کی طبیعت بگڑ گئی اور کچھ ہی لمحوں میں اس کی موت ہوگئی۔ گھر میں افراتفری پھیل گئی۔ دوسری طرف دھنوجی میں دولہا اوم پرکاش کا کنبہ شام کو دلہن کے یہاں بارات لے جانے کی تیاری کر رہا تھا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'دلہن کو لانے کے لئے دولہے کی گاڑی کو بھی سجایا گیا تھا۔ لیکن سسرال سے دلہن کی موت کی خبر ملتے ہی دولہا بے ہوش ہوگیا۔ دلہن کی وداعی کے بجائے اب دولہا اس کے گھر آخری رسومات میں شرکت کے لئے وہاں روانہ ہوا ہے۔ اس واقعے کے بعد دونوں گھروں میں ماتم چھایا ہوا ہے۔'