پریاگ راج: پریاگ راج میں عتیق احمد اور اشرف کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ اس کے بعد دونوں کی لاشوں کو پریاگ راج کے کسری مساری قبرستان میں دفنایا جائے گا۔ دونوں کی تدفین کے لیے قبرستان میں قبریں کھودی گئی ہیں۔ چاروں طرف سیکورٹی فورس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
بتا دیں کہ یہ عتیق احمد کا آبائی قبرستان ہے۔ یہاں عتیق احمد کے دادا، والد حاجی فیروز احمد، والدہ اور بیٹے اسد کی قبریں ہیں۔ اب عتیق احمد اور اشرف کی باڈی بھی یہیں دفنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں کی قبریں آٹھ فٹ گہری، چھ فٹ لمبی اور چار فٹ چوڑی ہیں۔ قبریں کھودنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی قبرستان کے ارد گرد RAF اور PAC سمیت بھاری سیکورٹی فورسز تعینات ہیں۔ کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یہاں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔
ساتھ ہی یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ دوپہر ایک بجے دونوں لاشوں کے پوسٹ مارٹم کا عمل شروع ہوا۔ دوپہر دو بجے کیلون ہسپتال میں عتیق اور اشرف کی لاشوں کا ایکسرے کیا گیا۔ جس کے بعد دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم شروع کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کا پینل دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شام کے بعد دونوں کی میتوں کو دفنایا جا سکتا ہے۔ قبرستان کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہر مشکوک شخص پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔