ملک کی مختلف ریاستوں میں جاری اگنی پتھ اسکیم کے خلاف مظاہروں سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے نوجوانوں سے متعلق جب اتر پردیش کے وزیر سریش کھنہ سے سوال کیا گیا تو وہ اس کا جواب دینے سے بچتے نظر آئے۔ پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا تھا کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کرنے والوں کے خلاف کیا حکومت بلڈوزر کارروائی کرے گی؟ اس سوال کا جواب دیئے بغیر ہی وہ اپنی کرسی سے اٹھ گئے۔ UP Minister Reacts on Protest Against Agnipath Scheme
وزیر خزانہ سریش کھنہ نے رامپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہاں بی جے پی حکومت کی حصولیابیاں گنوائیں وہیں انہوں نے رامپور میں لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار گھنشیام لودھی کی حمایت میں ووٹ کرنے کی اپیل کی۔ اس دوران اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں جاری تحریک سے متعلق سوالوں پر زیادہ بات نہیں کر سکے۔ انہوں نے صرف یہ کہہ کر بات ختم کرنے کی کوشش کی کہ آندولن کرنا سمجھداری نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوجوانوں کو ملک کی خدمت کرنے کا موقع دے رہے ہیں لیکن نوجوان آندولن کر رہے ہیں یہ اچھی بات نہیں ہے اور قانون کے اوپر کوئی نہیں ہے۔ وزیر موصوف سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا ان نوجوانوں کے خلاف بھی اب بلڈوزر کی کارروائی کی جائے گی؟ اس سوال پر وہ موجود صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرسی سے اٹھ گئے۔ واضح رہے کہ سریش کھنہ پارلیمنٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے بی جے پی کے امیدوار گھنشیام سنگھ لودھی کی حمایت میں تشہیری مہم کے لئے رامپور میں موجود ہیں۔ وہ مختلف مقامات پر جاکر مودی اور یوگی حکومت کی حصولیابیاں بتا رہے ہیں۔