فرانس میں حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کے بعد سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں ناراضگی کا اظہار اور فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔
اسی اثنا رتر پردیش کے شہر بریلی میں شیعہ برادری کی جانب سے محفل مشاعرہ منعقد کی گئی۔ اس محفل کے آغاز سے قبل شعراء نے فرانسیسی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مسلمانوں سے فرانسیسی مصنوعات نہ خریدنے کی اپیل کیا۔
شعراء نے کہا کہ بھارتی عوام فرانس کی تمام مصنوعات پر پابندی عائد کرکے اپنا احتجاج درج کرائے۔
مشاعرے کی نظامت کر رہے آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے ایگزیکٹو ممبر کلیم حیدر نقوی سیفی نے کہا کہ 'محفل سے قبل فرانسیسی حکومت کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ کے گستاخانہ کارٹونوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی گئی اور متفقہ طور پر فرانسیسی مصنوعات کو استعمال نہ کرنے کی قرار داد منظور کی گئی۔
مولانا سید صداقت حسین نقوی نے کہا کہ 'شانِ رسالت کی عظمت میں تعصب و تبصرہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پرانہ شہر کے سہسوانی ٹولہ میں واقع امام باڑہ انوار حسین میں کنوینر بلال نقوی کی جانب سے مشاعرے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
کلیم حیدر سیفی نقوی نے کہا کہ 'تشدد کسی بھی تنازع کا حل نہیں ہو سکتا لیکن فرانسیسی حکومت اور اس کے صدر نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔ فرانس حکومت کو کسی بھی صورت میں مذہبی عقائد، مذہبی وابستگی اور عظیم شخصیات کی توہین کرنے کا حق نہیں ہے۔
کلیم حیدر نے بتایا کہ 'مشترکہ فیصلے کے بعد ہی محفل مشاعرے کا آغاز کیا گیا۔ اس کی صدارت حجّت الاسلام مولانا سید صداقت حسین نقوی نے کی جبکہ مولانا غازی عبّاس زیدی نے تلاوت کلام پاک اور دعا کی۔
اس موقع پر بلال نقوی، عسکری نقوی، شاہ عالم نقوی، امان علی، مولانا اشفاق حسین، نظم عبّاس، دلاور عبّاس وغیرہ خاص طور پر شامل رہے۔