ریاست اترپردیش کے رامپور میں قائم برارہ قرآن انسٹی ٹیوٹ Bararah Quran Institute نے قرآنی عربی گرامر Quranic Arabic Course کی کتاب کا اجراء کیا۔ رسم اجراء کی تقریب میں دور دراز سے پہنچے برارہ انسٹی ٹیوٹ کے طلباء و طالبات کے علاوہ سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔
رامپور میں گذشتہ 4 برسوں سے قرآنی عربی کورس کرانے والے برارہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے قرآنی عربی گرامر کی کتاب کا اجراء کیا گیا۔Bararah Quran Institute Launches Book on Quranic Arabic Grammar
پروگرام کا باقاعدہ آغاز برارہ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر اور لیکچرر فیروز رضا خاں کے درس قرآن کریم سے ہوا۔
انہوں نے قرآن کی آیتیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی قیامت کے دن پوچھے گا کہ آپ نے اس کی آیتوں پر غور و فکر بھی کیا یا نہیں۔
اس دوران فیروز رضا خاں نے اپنی کتاب عربک گرامر بک سے متعلق معلومات دیتے ہوئے کہا کہ اس میں عربی کی بالکل بیسک گرامر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان تمام طلبہ کے لئے اس طرح بھی مفید ہو سکے گی کہ اس کے ذریعہ وہ بھی دوسروں کو قرآنی عربی کی تعلیم دے سکیں گے۔
اس کے بعد کتاب کا باقاعدہ اجراء ملک کے مختلف مقامات سے پہنچے برارہ انسٹی ٹیوٹ کے طلباء و طالبات اور رامپور میں لیکچرر فیروز رضا خان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ کتاب کے اجراء کی تقریب میں پہنچے طلباء و طالبات نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ان کے لیے کافی معاون و مددگار ثابت ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر اسرار احمد کے دروس سے تحریک حاصل کرکے رامپور کے فیروز رضا خان نے قرآن کی تعلیم کو جدید تعلیمی اداروں سے فارغین تک پہنچانے کی خاطر اپنے آپ کو پورے طور پر اس کے لئے وقف کر لیا ہے اور وہ ملک و بیرون ممالک کے لوگوں تک قرآن فہمی کی تعلیمات کو برارہ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ پہنچا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن کی عربی مزید آسان انداز میں سمجھنے اور سمجھانے کے لئے اب انہوں نے 800 صفحات پر مشتمل یہ کتاب مرتب کی ہے۔