لوک سبھا ا نتخابات کے درمیان بارہ بنکی کے ایس پی ستیش کمار کی معطلی پر سیاسی تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ اس مسئلہ پر سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے حکومت سے جواب طلب کیا ہے جبکہ بی جے پی اس بارے میں کچھ بھی بتانے سے قاصر ہے۔
بارہ بنکی میں ایسا پہلی بار نہیں ہورہا ہے جب کسی پولیس عہدیدار کو معطل کیا گیا۔ بد عنوانی کے الزام میں معطل کئے گئے ایس پی ستیش کو لے کر سیاسی بحث شروع ہوگئی ہے۔
سماج وادی پارٹی نے اس معطلی کے لیے یوگی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ وہیں ایک اور ایس پی رام ساگر راوت نے اس مسئلہ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں محکمہ پولیس میں اوپر سے نیچے تک رشوت ستانی بہت بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بد عنوانی کی جڑیں اتنی مضبوط ہوچکی ہیں کہ ان کو ختم کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
کانگریس قائد تنج پنیا نے بھی ایس پی ستیش کمار کی معطلی پر سوال اٹھائے ہیں۔ تنج نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی مرضی کے خلاف جو بھی کام کرتا ہے اس کے ساتھ یہی ہو رہا ہے۔ انہوں نے ایس پی کا بچاؤ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں تمام ایسے چھوٹے افسر ہیں جو انتخابی عمل کو متاثر کر رہے ہیں، لیکن ان پر کوئی کاروائی نہیں ہوتی۔
اس مسئلہ پر بی جے پی نے کہا ہے کہ بد عنوانی کی وجہ سابقہ حکومتیں ہیں۔