ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع کے نئے پولیس سپرنٹنڈنٹ یمونا پرساد شہر کے ٹریفک نظام کو درست کرنے کے لئے کمر بستہ ہو گئے ہیں۔ شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایس پی نے پیر کے روز شہر کا دورہ کیا اور دکانداروں سے بات چیت کر کے انہیں ضروری ہدایات دیں۔ ایس پی نے شہر میں ایک گینگ وے بنانے کی بات کہی ہے۔
واضح ہو کہ دوشنبے کو ایس پی نے اپنے تمام اہلکاروں کے ساتھ شہر کے پٹیل تراہے کا دورہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے وہاں کے تمام دکانداروں سے بات کی اور شہر کے ٹریفک نظام کو درست کرنے کے لئے ان سے تعاون کا مطالبہ کیا۔
ایس پی یمونا پرساد نے بتایا کہ یہاں کے ٹریفک نظام کو درست کر کے شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے تمام آٹو اسٹینڈ میں ایک گینگ وے بنانے کی ہدایت دی ہے۔ گینگ وے میں تمام ٹیکسی گاڑیاں رہیں گی جو بھی گاڑی جس وقت آئے گی، وہ دوسری گاڑی کے پیچھے لگ جائے گی اور اسی ترتیب کے حساب سے انہیں جانے کا نمبر بھی مل جائے گا۔ گینگ وے سے ٹریفک نظام تو درست ہوگا ہی ساتھ ہی عوام کو بھی اس سے کافی سہولت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام دکانداروں کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے اور ایک وقت کے بعد وہ خود اس جگہ کا دوبارہ دورہ کر کے جائزہ لیں گے کہ ٹریفک نظام کس قدر بہتر ہوا ہے۔