ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں گیس پائپ لائن کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ضلع میں گیس کی فراہمی کے لیے ٹورنٹ گیس کمپنی نے اس گیس پائپ لائن کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ اب اس شہر کے لوگوں کو دو ماہ میں پائپ لائن سے گیس حاصل ہونے کی سہولیات ہوگی۔
پائپ لائن سے آنے والی گیس سی این جی ہو گی جو ایل پی جی کے مقابلے زیادہ محفوظ تو ہوگی ہی ساتھ میں اس کی قیمت بھی ایل پی جی سے کم ہوگی۔
بارہ بنکی میں ٹورنٹ گیس کمپنی کی پائپ لائین کا سنگ بنیاد رکن پارلیمان اوپیندر راوت نے رکھا۔ اس کے بعد ٹورنٹ گیس کی جانب سے منعقد تقریب میں رکن پارلیمان نے کہا کہ یہ شہر کے عوام کے لئے بڑی راحت کی بات ہے۔ اس سے عوام کو گیس لانے اور لے جانے کی دقت دور ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے 17 اضلاع میں پائپ لائن سے گیس سپلائی کرنے کی اجازت دی گی ہے۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ شہر میں پائپ لائن سے گیس سپلائی کر کے لوگوں سے سلینڈر لے لیا جائے گا اور ان سلینڈر کو دور دراز کے علاقوں میں بھیجا جائے گا۔
وہیں، ٹورنٹ گیس کے ایکزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نریندر کمار نے بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ دو ماہ میں یہ گیس پائپ لائن شروع ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ہدف ہے کہ وہ ضلع میں 1 لاکھ 10 ہزار کنیکشن دے پائیں۔
انہوں نے بتایا کہ گیس پائپ لائن، ایل پی جی کے مقابلے میں کافی اچھی ہے۔ یہ اس سے زیادہ محفوظ ہے اور اس سے زیادہ سستی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ٹورنٹ گیس سی این جی اسٹیشن بھی قائم کرے گی۔ جہاں سے گاڑیوں کو گیس دی جائے گی۔