بی جے پی اعلی کمان نے بارہ بنکی پارلیمانی حلقے سے زیدپور سے رکن اسمبلی اوپیندر راوت کو انتخابات میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ موجودہ رکن پارلیمان پرینکا راوت کو دوبارہ ٹکٹ نہیں دیا ہے۔
بی جے پی اعلی کمان کے اس فیصلے سے کارکنان کافی خوش نظر آ رہے ہیں۔
بارہ بنکی پارلیمانی حلقے سے ایک طویل عرصے سے بی جے پی کا کوئی امیدوار منتخب ہو کر پارلیمینٹ نہیں پہنچا ہے، لیکن اس بار پرینکا راوت کے تعلق سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ اس بار بھی رکن پارلیمان متنخب ہو جائیں گی۔
لیکن پارٹی کے اندرونی خلفشار اور ایس پی-بی ایس پی کے متحدہ امیدوار کے خوف سے پرینکا راوت کو ٹکٹ نہیں دیا گیا اور وہ ریکارڈ توڑ نہیں پائیں۔
آزادی کے بعد سے بارہ بنکی میں 17 رکن پارلیمان منتخب ہوئے، ان میں سے ایک رام سیوک یادو ہیں اور دوسرا نام رام ساگر راوت کا ہے۔
رام سیوک یادو مسلسل چار بار بارہ بنکی سے ایم پی رے ہیں لیکن ہر بار ان کی پارٹی تبدیل ہوتی رہی۔ یہی حال رام ساگر راوت کا ہے وہ مسلسل تین بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے، لیکن ان کی پارٹی بھی ہر بار تبدیل ہوتی گئی۔
بارہ بنکی پارلیمانی حلقے سے پرینکا راوت کے ٹکٹ کٹنے کی کئی وجوہات ہیں۔ عوام سے دوری، تنظیم کی بات نہ سننا اور باہری ہونا ان کے خلاف رہا۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی کے حامی اور کارکن خوش ہیں۔