تھانہ بھمورہ میں رہنے والی متاثرہ لڑکی کے گھروالوں کے مطابق 11 ستمبر کو لڑکی جنگل میں لکڑی جمع کرنے گئی تھی کہ گاؤں کے دو نوجوانوں نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔ لڑکی کی چیخ و پکار کے بعد لوگ جمع ہوگئے اور نوجوان وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔
لڑکی کے والد نے بتایا کہ واقعہ کی شکایت کرنے کے مقصد سے وہ اور لڑکی پولیس اسٹیشن گئے تھے لیکن وہاں موجود عہدیدار نے شکایت لینے سے انکار کردیا۔
بعد میں ڈائل 1090 پر شکایت کی گئی جس کے بعد لڑکی کی شکایت تو درج کرلی گئی لیکن نوجوانوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔
لڑکی کے والد نے دو نوجوانوں پر الزام لگایا کہ وہ لڑکی کو برابھلا کہہ رہے تھے جس کے بعد دلبرداشتہ ہوکر لڑکی نے آج خودکشی کرلی۔
متاثرہ لڑکی کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس افسر اویشناش چندرا نے کہا کہ لڑکی کے والدین کی شکایت کا سخت نوٹ لیتے ہوئے جانچ کے احکامات دئے گئے ہیں اور جانچ کے بعد جو کوئی بھی خاطی پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
متاثرہ لڑکی کے خودکشی کر لینے کی خبر کے بعد پولس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔