رامپور کے کاشی پور آنگا گاؤں کا رہنے والے محمد سالم Mohammad Saalim اپنے علاقے کے نوجوانوں کے لئے مثال بنتے جا رہے ہیں۔ جی ہاں، محمد سالم ویسے تو پیشہ سے موٹر مکینک ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے وہ جس طرح جدوجہد کر رہے ہیں، یہ بات ان کے گاؤں کے نوجوانوں کے لئے مثال بن رہی ہے۔
دراصل 90 فیصد مسلم آبادی پر مشتمل اس گاؤں میں عموماً تعلیم کا ماحول نہیں ہے۔ یہاں کے اکثر نوجوان کھیتی باڑی، کاریگری اور مختلف قسم کی محنت و مزدوری کے کام کرتے ہیں لیکن محمد سالم ان نوجوانوں کے درمیان کچھ مختلف ہیں۔ وہ جتنا وقت موٹر مکینک کے طور پر اپنے کام پر صرف کرتے ہیں اس سے کہیں زیادہ وہ اپنی تعلیم حاصل کرنے میں بھی مصروف رہتے ہیں۔
محمد سالم رامپور کے گورنمنٹ رضا پی جی کالج میں بی اے فائنل ایئر کے طالب علم ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ وہ سول سروسز کی تعلیم حاصل کرکے ایک اچھے افسر بنیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مطالعہ میں ہی مصروف رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Rain Increases Cold in Rampur: رامپور میں بارش ہونے سے ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ
گھر کی مالی حالت اچھی نہیں ہے اور درجہ 8 کے بعد جب گھر کے لوگ تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکے تو سالم کے سامنے بھی تعلیم کو منقطع کرنے کا مسئلہ آ کھڑا ہوا۔ لیکن سالم نے جو خواب دیکھ رکھے تھے۔ اس کو وہ کسی بھی طرح شرمندہ تعبیر کرنا چاہتے تھے۔ بس یہیں سے انہوں نے موٹر مکینک کے گیرج سے وابستہ ہوکر اپنے ذریعہ معاش کا انتظام کیا جس سے کسی طرح ان کی آئندہ کی تعلیم جاری ہو سکے۔ کالج کے نزدیک ہی کی ایک ورکشاپ پر سالم موٹر سائیکل کی مرمت کا کام کرتے ہیں۔
سالم کی اس محنت اور لگن سے آس پاس کے لوگوں کو امیدیں ہیں کہ اگر اسی طرح انہوں نے اپنی محنت جاری رکھی تو وہ ضرور اپنی منزل کو حاصل کر سکیں گے۔