عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) کو لیول 3 کووڈ- 19 اسپتال کا درجہ دینے کی درخواست کی ہے۔
اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کووڈ- 19 کے خلاف لڑائی میں قائدانہ رول نبھا رہا ہے۔ جہاں اب تک دس ہزار سے زیادہ کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔
وزیراعلی کو ارسال کردہ ایک مکتوب میں پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ یہاں کے ڈاکٹر، نرس اور پیرا میڈیکل عملے کے اراکین کووڈ -19 وارڈ میں رات دن محنت سے کام کر رہے ہیں۔ کووڈ وارڈ میی 80 بیڈ اور دس وینٹیلیٹر ہیں اور آئسولیشن وارڈ میں سینٹرل اکسیجن سپلائی کا بندوبست ہے۔
اس کے علاوہ اے ایم یو نے کووڈ- 19 کے مریضوں کی جانچ کے لیے ایک آر ٹی پی سی آر مشین بھی خریدی ہے جس کی قیمت 30 لاکھ روپے ہے اور 70 لاکھ روپے کی قیمت کے چار نئے وینٹیلیٹر کی خرید کے آرڈر بھی دیے جا چکے ہیں۔
پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا کہ جی این ایم سی ایچ کووڈ- 19 لیول 3 اسپتال کے لئے مطلوبہ شرائط کو پورا کرتا ہے اور ایسے لیول 3 اسپتال ڈکلیئر کیے جانے سے علی گڑھ خطے میں مریضوں کو بہت فائدہ پہنچے گا کیوں کہ اس علاقہ میں کوئی لیول 3 اسپتال نہیں ہے۔