اتر پردیش کے بنارس میں مفتی عبد الباطن نعمانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دونوں تہواروں کی عظمت برقرار رکھتے ہوئے پر امن طریقے سے منائیں اور شب برات کے سلسلے میں مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ مسجد اور گھروں میں عبادت کریں، باہر نکلنے سے گریز کریں۔
انہوں نے دونوں تہوار ایک ہی تاریخ پر ہونے پر خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی قسم کا خلفشار واقع نہ ہو، پرامن طریقے سے دونوں تہوار منائیں۔
مفتی عبد الباطن نعمانی نے کہا کہ شب برات کے موقع پر بیشتر نوجوان اور نو عمر لڑکے باہر گھومتے ہیں، جس سے مختلف مسائل درپیش ہوتے ہیں، اس پر پولیس کی گہری نظر ہے۔
انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کرتے پوئے کہا کہ کورونا وائرس کا دوسرا مرحلہ بھی شروع ہو چکا ہے، بیماری کے تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ کورونا وائرس کے قواعد و ضوابط پر عمل کریں تاہم ابھی تک ضلع انتظامیہ سے کوئی نئی گائیڈ لائن کا اعلان نہیں ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راجستھان: شب برأت اور ہولی پر بڑے پروگرامز کے انعقاد پر پابندی
مفتی عبد الباطن نعمانی نے مزید کہا کہ اگر پانچ لوگوں کی مسجد میں نماز پڑھنے کی کوئی ہدایت جاری ہوتی ہے تو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے اس سلسلے میں ایک وفد لے کر ملاقات کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ اس میں آسانیاں کی جائیں تاکہ رمضان کے پیش نظر لوگوں کو عبادت کرنے میں بھی دشواری نہ ہو اور کورونا گائیڈ لائن پر بھی عمل ممکن ہو سکے۔