جونپور: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کا تہوار 29 جون کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ قربانی میں صرف ایک روز باقی ہے ایسے میں قربانی کرنے والے افراد جانوروں کی خریداری کے لیے بکرا منڈی کا رخ کر رہے ہیں، بازاروں میں جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے اچھی خاصی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے، مختلف قیمیتوں کے جانور بازار میں موجود ہیں۔ اس موقع پر ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور کے علماء و سیاسی سماجی شخصیات مسلمانوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اپنے جانوروں کی قربانی کس طرح سے کریں تاکہ برادران وطن کو کسی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مرکزی سیرت کمیٹی جونپور کے صدر حفیظ شاہ نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی عیدالاضحیٰ کا تہوار پر سکون ماحول میں منایا جائے گا لوگ جیسے قربانی کرتے تھے اسی طرح کریں گے۔ فقط اس بات کا خیال رکھیں کہ ہمارے اس عمل سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے، انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے، کہ جس طرح بکرا وغیرہ کا خرید وفروخت کیا جاتا رہا ہے وہ اسی طرح چلے گا کسی طرح کی کوئی بندش نہیں ہے۔
سماجوادی پارٹی کے اقلیتی شعبہ کے نو منتخب ضلع صدر عظمت علی خان نے عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مختلف رنگ و نسل اور مذہب کے ماننے والے لوگ رہتے ہیں، اس لیے ان کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ہم قربانی کا تہوار منائیں اور ہمارے درمیان کچھ ایسے شر پسند عناصر رہتے ہیں، جو نفرت پھیلانے اور تہواروں کو خراب کرنے کا کام کرتے ہیں ان سے خود کو محفوظ رکھیں اور ایسے لوگوں کی نشاندھی کرنے پولیس انتظامیہ کو سونپ دیں تاکہ بھارت کی صدیوں پرانی گنگا جمنی تہذیب داغدار ہونے سے محفوظ رہ سکے۔
آل انڈیا جمعیت القریش کے ضلع صدر ارشد قریشی نے بتایا کہ گزشتہ سال نگر پالیکا پریشد سے میمورنڈم کے ذریعے سے مطلع کیا گیا تھا، کہ شہر کی عوام کثیر تعداد میں قربانی کرتی ہے، جس کے لیے صاف صفائی وغیرہ کا انتظام کیا جائے اور قربانی شدہ جانوروں کے فضلہ کو اٹھانے کے لیے کنٹینر کا بندو بست کیا جائےگا۔ اسی طرز پر امسال بھی مجھے پورا یقین ہے کہ انتظامیہ ان تمام چیزوں کا اہتمام کرے گی، انہوں نے جونپور کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جونپور میں ہر ایک دوسرے کا تہوار آپسی اتحاد و محبت کے ساتھ منایا جاتا ہے، اسی طرح عید الاضحی کا بھی تہوار محبت کے ساتھ منائیں اور ہم مذہب اسلام کے ماننے والے ہیں اسلام ہمیں امن و شانتی اتحاد و محبت کا پیغام دیتا ہے ہم بھی اس باتوں پر عمل کریں۔
شیعہ عالم دین مولانا صفدر حسین زیدی عید الاضحی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے دن مسلمان اللہ کی عقیدت و محبت میں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اپنی فداکاری کا ثبوت پیش کرتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ قرآن کی روشنی میں قربان شدہ جانور کا پگہا بھی محترم ہوتا ہے،اسی طرح ذبیحہ سے جو اضافی اجزاء نکلتے ہیں۔ انہیں کسی محفوظ مقام پر لے جاکر دفن کر دینا چاہیے،تاکہ اس کے اجزاء سے تعفن نا پھیلے، مولانا نے کہا کہ برادران وطن کا خیال رکھتے ہوئے اور حکومت کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے ممنوعہ جانور کی قربانی سے گریز کرنا چاہیے تاکہ یہ پیغام جائے کہ یہ مسلمان قربانی کرنے کی طرح ملک و وطن کے لیے قربانی دینے کےلئے بھی تیار رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں:Assam Flood 'کل عید ہے لیکن سیلاب کے سبب عیدگاہ اور ہمارے گھر زیرآب ہیں'
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ دینیات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کہا کہ جس ملک کے ہم باشندے ہیں اس میں کئی مذاہب کے ماننے والے لوگ رہتے ہیں اس لیے جس فرائض کی ادائیگی ہم لوگ کرتے ہیں اس میں پاکیزگی و طہارت کا خیال رکھیں کیونکہ اسلام پاک و صاف رہنے کو پسند کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ قربانی کے فضلات کو راستہ وغیرہ پر نا ڈالیں کیونکہ اس سے مختلف اقسام کی بیماریاں وجود میں آتی ہیں۔ حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے امن و شانتی کا ثبوت پیش کریں۔